ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / دہلی حکومت نے نرسوں کی ہڑتال کو غیر قانونی قرار دینے کے لیے ایسما لگایا

دہلی حکومت نے نرسوں کی ہڑتال کو غیر قانونی قرار دینے کے لیے ایسما لگایا

Sat, 03 Sep 2016 12:08:11    S.O. News Service

نئی دہلی، 2 ؍ستمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)دہلی حکومت نے نرسوں کی ہڑتال کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے آج ایسما لگا دیا۔نرسوں کی ہڑتال سے حکومت کی جانب سے چلائے جانے والے اسپتالوں میں کام کاج ایسے وقت میں بری طرح متاثر ہوا ہے جب شہر ڈینگو اور چکن گنیا کے بڑھتے معاملات کی زد میں ہے۔ایک اعلی افسر نے کہاکہ لیفٹیننٹ گورنر نے مظاہرہ کررہیں نرسوں کے خلاف ایسما لگانے کے حکومت کی تجویز کو منظوری دے دی ہے ۔واضح رہے کہ ضروری خدمات رکھ رکھاؤ قانون(ایسما) حکومت کو کسی ہڑتال کو عوامی مفاد میں غیر قانونی قراردینے کی اجازت فراہم کرتا ہے۔دہلی حکومت اور مرکزی حکومت کی طرف سے چلائے جانے والے مختلف اسپتا لوں کی تقریبا 20ہزار نرسیں اپنی تنخواہ اور مراعات سے جڑے مسائل کو لے کر غیر معینہ ہڑتال پر ہیں۔مچھر سے پیدا ہونے والی بیماریوں میں مبتلا مریضوں سے بھرے دہلی کے تمام بڑے اسپتالوں نے متعلقہ نرس تنظیموں سے کسی حل تک پہنچنے کی اپیل کی ہے ، لیکن یہ بیکار رہی ۔آل انڈیا سرکاری نرس فیڈریشن کی ترجمان لیلا دھر رام چندانی نے کل کہا تھاکہ ہم حکومت کے جواب سے مطمئن نہیں ہیں، لہذا ہم مجوزہ ہڑتال پر آگے بڑھیں گے،لیکن ہم ہنگامی اور سنگین معاملوں میں کام کریں گے۔صفدر جنگ اسپتا ل سے جولائی میں ڈینگو سے تین لوگوں کی موت کی خبر ہے۔اس اسپتا ل میں 1100نرس ہیں جن میں سے 160نرس کنٹریکٹ پر ہیں۔اسپتا ل میں 29؍اگست تک ڈینگو کے 263اور چکن گنیا کے تقریباََ250معاملے سامنے آ چکے ہیں۔دہلی میں ڈینگو سے رواں سال 8 افراد کے موت کی خبر ہے، حالانکہ میونسپل کارپوریشن کے حکام نے اس طرح کی صرف 2 اموات کا دعوی کیا ہے۔اس موسم میں دہلی میں ڈینگو کے کم سے کم 487معاملے سامنے آ چکے ہیں۔ان میں سے 368معاملات گزشتہ ماہ سامنے آئے ہیں۔


Share: